مضمون بشکریہ ایجوکیشن یو ایس اے
مئی/جون 2014
مئی/جون 2014
امریکی یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو پیشہ ور صحافی کی حیثیت سے تربیت دینے کے لئے متعدد قسم کے پروگرام اور ان کے متبادل دستیاب ہیں۔
صحافت ان لوگوں کے لئے عمدہ متبادل ہے جن کے مزاج میں تجسس ہو اور جو باشعور ہونے کے ساتھ ساتھ لکھنے کے فن میں مہارت رکھتے ہوں۔ جو طالبِ علم صحافت کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ شدید دباؤ میں رہ کر کام کرنے،طے شدہ اوقات میں کام کو مکمل کرنے اور تفتیشی تحقیق کرنے کا ہنر پیدا کریں۔ صحافت کا تعلق حالاتِ حاضرہ ، رحجانات، معاملات اور عوام کے بارے میں خبروں کو جمع کرنے ،ان کا تجزیہ کرنے، ان کی تصدیق کرنے ،لکھنے اوردستیاب معلومات کی عمدہ پیش کش سے ہے۔یہ ایک ایسا شعبہ ہے جو رنگا رنگ پلیٹ فارموں جیسے اخبارات، ٹیلی ویژن، ریڈیو ، رسائل، ویب سائٹ اور سماجی میل جول کے میڈیا کے توسط سے خبروں کی ترسیل کے نئے طریقے مسلسل وضع کرتا رہتا ہے۔ امریکی یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو پیشہ ور صحافی کی حیثیت سے تربیت دینے کے لئے متعدد قسم کے پروگرام اور ان کے متبادل دستیاب ہیں۔
منظوری
بین الا قوامی طلبہ کے لئے ایسے امریکی اداروں میں داخلہ کے لئے درخواست دینا لازمی ہے جو منظور شدہ ہوں۔مزید جانکاری کے لئے www.chea.orgاور صحافت اور ابلاغِ عامہ میں تعلیم سے متعلق ایکری ڈٹنگ کونسل (اے سی ای جے ایم سی) کی ویب سائٹhttp://www2.ku.edu/~acejmc/دیکھیں۔
انڈرگریجویٹ ڈگری
صحافت میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ سے امید کی جائے گی کہ وہ تاریخ، سیاست، سائنس اور ادب جیسے بہت سے موضوعات سے واقف ہوں اور حالاتِ حاضرہ کی سمجھ بوجھ حاصل کریں ۔امریکی یونیورسٹیوں میں اختصاص کی بنیاد پر الگ الگ نصاب دستیاب ہیں ۔
ابتدائی دو برس میں قلم رانی ، خبرنگاری اورذرائع ابلاغ کے مختلف شعبوں میں ادارت سے متعلق بنیادی باتیں پڑھائی جاتی ہیں۔ آخری دو برسوں میں ہنر مندی بڑھائی جاتی ہے۔ اخلاقیات ، قانون اور صحافت کی تاریخ پر بات چیت کی جاتی ہے اور ہنر میں اضافہ کیا جاتا ہے۔
بین الاقوامی طلبہ کو صحافت اسکولوں میں براہ راست داخلہ کے لئے درخواست دینے کا متبادل حاصل ہے۔یا وہ چاہیں تو صحافت میں گریجویشن بھی کرسکتے ہیں۔
گریجویٹ ڈگری
امریکہ میں صحافت میں ماسٹرس ڈگری کا پروگرام عام طور پر دو برس کا ہوتا ہے اور ایسے طلبہ کو اس میں داخلہ مل سکتا ہے جنھوں نے کسی شعبے میں تسلیم شدہ بیچلر ڈگری حاصل کی ہو اور اسی شعبے میں اپنی افتادِ طبع اور صلاحیت کا مظاہرہ بھی کر سکتے ہوں۔ گریجویٹ پروگرام میں طلبہ کو جدید ترین ٹکنالوجی ، صحافت کی صنعت میں پیشہ وروں کے ساتھ ربط ضبط بڑھانے اور حقیقی دنیا کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع دئے جاتے ہیں ۔ طلبہ چاہیں تو تفتیشی صحافت، دستاویزی فلم سازی، تجارتی صحافت ، سائنسی خبرنگاری، سیاسی خبرنگاری اور ڈیجیٹل میڈیا میں خصوصی تربیت حاصل کرنے کے لئے بھی نصاب کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ نظریاتی تدریس اور عملی منصوبہ بندی تقریباََ تمام نصاب کا
جزوِ لاینفک بن گئے ہیں ۔ اب بہت سی یونیورسٹیوں میں قانون ، تجارت ، انتظامیہ، جنوبی ایشیائی مطالعہ جات اور صحت عامہ میں مشترکہ پروگرام کی پیش کش ان طلبہ کو کی جاتی ہے جو صحافت میں ماسٹرس ڈگری کرنا چاہتے ہیں ۔
داخلہ کا عمل
صحافت کی ڈگری میں درخواست دینے اور داخلہ لینے کا عمل ہر اسکول میں ایک دوسرے سے جدا گانہ ہوتا ہے۔بہترین متبادل کا انتخاب کرنے کے لئے ان کی تحقیق کرنا اہم ہے تاکہ اپنے مطلب کا پروگام منتخب کیا جا سکے۔
داخلہ سے متعلق بنیادی شرائط
عرضی اور فیس
بین الاقوامی طلبہ کے لئے داخلہ کی درخواست اور فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ نوٹ کرلیں۔یہ معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
نقل نویسی: انڈر گریجویٹ کورس کے لئے سکنڈری اسکول ریکارڈ کا سرکاری متن اور گریجویٹ پروگرام کے لئے بیچلر ریکارڈ کا سرکاری متن حاصل کریں۔
ٹسٹ کے نمبر: تمام طلبہ کے لئے ٹی او ای ایف ایل یا آئی ای ایل ٹی ایس کے امتحانات میں اچھے نمبر لانا اہم ہے۔ ایس اے ٹی یا اے سی ٹی کے نمبر انڈر گریجویٹ طلبہ کے لئے ضروری ہیں جب کہ جی آر ای کے نمبر گریجویٹ پڑھائی کے لئے ضروری ہیں ۔
مضمون نگاری اور قلم رانی کے نمونے:درخواست دہندگان کے لئے ضروری ہے کہ اپنی درخواست کے ساتھ مختلف موضوعات پر ایک سے تین مضامین بھی منسلک کریں۔ کچھ یونیورسٹیاں آپ سے قلم رانی کے نمونے بھیجنے کو بھی کہتی ہیں ۔
سفارش نامے:ایسے تعلیم دینے والوں یا نگرانی کرنے والوں سے کم سے کم دو سفارش نامے درخواست کے ساتھ منسلک کریں جو آپ کو اور آپ کے کام کو اچھی طرح جانتے ہوں۔
مالیات : مالی امداد سے متعلق معلومات بہم پہنچائیں۔
ایجوکیشن یو ایس اے کے مشیران امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ کی درخواست دینے کے بارے میں مزید اطلاعات اور رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔ امریکی وزارتِ خارجہ بین الاقوامی طلبہ کو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق درست، جامع اور تازہ معلومات بہم پہنچانے کے سلسلے میں ایجوکیشن یو ایس اے کی مدد کرتی ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے کے مراکز ہندوستان کے سات شہروں میں واقع ہیں۔ آپ اپنا قریب ترین مرکز تلا ش کرنے کے لئے http://www.educationusa.info/Indiaدیکھیں۔
0 comments:
تبصرہ تحریر کریں: